120

بیرون ملک کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہے، صدر آزاد کشمیر

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر زندہ رکھا ہوا ہے اور ہمیشہ کشمیری عوام کی بے لوث حمایت کی ہے اور عالمی برادری تک مظلوم کشمیریوں کی آواز کو موثر انداز میں پہنچایا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر مظلوم کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے اور کشمیریوں کو آئے روز قتل کیا جا رہا ہے۔ بھارت کے مذموم عزائم دنیا کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں چوہدری تنویر آف پیرس کی قیادت میں وفد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یورپ میں آباد کشمیری بالخصوص پیرس(فرانس) میں آبادکشمیریوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور اور ہر فورم پر کشمیری عوام کے بنیادی حقوق آزادی کے لئے موثر اور کارآمد آواز اُٹھائی ہے جس پر میں پیرس میں آباد کشمیریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری متحد و متفق ہو کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے، لیکن اب بھارت کی ریاستی دہشت گردی دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے اور بھارت کے اس گھناؤنے چہرے اور سیکولر اسٹیٹ ہونے کے دعویٰ کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔لہذا ایسے حالات میں ہم سب کو اندرون و بیرون ملک آباد کشمیریوں کو مل کر بھارت کے ان عزائم کو دنیا کے سامنے لانا ہو گا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا اور کشمیری عوام بھی آزادی کی فضا ء میں سانس لیں گے۔ اس موقع پر چوہدری تنویر آف پیرس نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کا یقین دلایا کہ وہ فرانس میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری تنویر آف پیرس نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پیرس کے دورے کی دعوت دی جو کہ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کر لی اور کہا کہ وہ جلد یورپ کا دورہ کریں گے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کریں گے۔
٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں