ڈیلی دومیل نیوز،راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے عمر ایوب، شبلی فراز سمیت اٹھارہ ملزمان کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ کیس میں نامزد ان تمام ملزمان کی غیرحاضری کے باعث سنایا گیا ہے، جبکہ عدالت نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حکم قانون کے مطابق کارروائی کا حصہ ہے اور تمام مراحل متعلقہ ریونیوافسران کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ جن اٹھارہ افراد کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ان میں عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوذب، شیخ راشد اور زرتاج گل شامل ہیں۔ اسی فہرست میں محمد احمد چھٹہ، رائے حسن نواز، مہر جاوید، رائے مرتضیٰ، اشرف سوہنا، چوہدری آصف، شکیل نیازی اور دیگر افراد کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔ عدالت نے حکم نامے میں واضح کیا کہ تمام ملزمان پہلے ہی اشتہاری قرار دیئے جاچکے ہیں، اس لیے ان کی غیر موجودگی میں ضبطگی کی کارروائی ضروری ہو گئی ہے۔