پونچھ (ڈیلی دومیل نیوز)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، فیصل ممتاز راٹھور نے عباسپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے اعتماد کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے عوامی مسائل کے حل میں تیزی دکھائی ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت عوام کے حقوق کے تحفظ میں سنجیدہ ہے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا ایک بڑی کامیابی ہے اور وہ عوامی نوعیت کے مسائل حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ صحت کارڈ جیسے بنیادی مسائل کو دوسری کابینہ میٹنگ میں حل کیا گیا اور بینک آف اے جے کے کو شیڈول بینک بنانے کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بجلی بقایاجات اور دیگر بنیادی مسائل کو جلد حل کیا ہے، اور پاکستان کی کشمیر سے محبت کے پیش نظر عوام کو تین روپے بجلی اور سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ فیصل راٹھور نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی نہیں لڑ سکتا۔ انہوں نے عوام کی دہلیز تک انصاف کی فراہمی اور سیز فائر لائن کے عوام کے لیے فرسٹ ایڈ پوسٹیں بنانے کا اعلان کیا۔