54

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمدشکیل خان کاالیکشن کمیشن میرپور کادورہ

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمدشکیل خان کاالیکشن کمیشن میرپور کادورہ،آمدہ الیکشن کے حوالے سے انتخابات کی تیاریوں کاجائزہ لیااور الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر کی ضروریات اور مشکلات کے ازالے کے لیے حکمت عملی تیارکرنے کی ہدایات دیں۔
ممبرالیکشن کمیشن سید نظیرالحسن گیلانی نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے آمدہ انتخابات کو صاف شفاف،غیرجانبدارانہ اور منصفانہ کروانے کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔چیف الیکشن کمشنرکے تقررکے بعد الیکشن کمیشن کی تیاریوں پرفیصلہ جات باقی ہیں۔الیکشن ایکٹ کے تحت آزادکشمیرکے باشندگان کورائے حق دہی کے استعمال کے لیے شناختی کارڈ کی شرط لازمی ہے جس کے لیے آزادکشمیرکے سات اضلاع میں نادراکی موبائل ٹیمیں یونین کونسلوں میں جاکرشناختی کارڈ بنانے کاعمل جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دیگرتین اضلاع کے لیے بھی نادراکی موبائل ٹیموں کاشیڈول جلد جاری کردیاجائے گا۔ اس طرح نادرا کے آزادکشمیر میں قائم 43 دفاتربھی یونین کونسل لیول تک شناختی کارڈ بنانے کااہتمام کریں گے۔
ان خیالات کااظہار انھوں نے الیکشن کمیشن میرپورکے دفترکے دورہ کے دوران منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمدشکیل خان، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر عثمان منیر چوہدری،انفارمیشن آفیسر محمدجاویدملک اور الیکشن کمیشن کاضلعی عملہ بھی موجود تھا۔ممبرالیکشن کمیشن سید نظیرالحسن گیلانی نے کہاکہ موجودہ سال آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے انتخابات کاسال ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن آزادکشمیرنے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے جملہ تیاریاں مکمل کررکھی ہیں۔آزادجموں وکشمیرالیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن پاکستان،نادرااور ادارہ شماریات کے اشتراک سے ریاست جموں وکشمیرکے الیکشن کے لیے کوالیفائنگ عمر18 سال تک پہنچنے والے شہریوں کوووٹرفہرست میں شامل کرنے اور انھیں شناختی کارڈ کی سہولت گھرکی دہلیز تک پہنچانے کے لیے نادراموبائل رجسٹریشن وینزکاشیڈول جاری کیا ہواہے۔اس حوالے سے عوام الناس میں بھی آگاہی مہم شروع کررکھی ہے کہ ووٹ کے استعمال کے لیے قومی شناختی کارڈ بنوائے جائیں چونکہ ووٹ کے حق کے استعمال کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ دکھانالازمی ہوگا۔انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں نادراکے 43 دفاترقائم ہیں جن کادائرہ کاریونین کونسل تک بڑھارہے ہیں۔انھوں نے مزیدکہاکہ آن لائن شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نادراکی موبائل ایپ کی سہولت بھی میسرہے جولوگ آن لائن اپناشناختی کارڈ بنواناچاہتے ہیں وہ نادراایپ کااستعمال کرکے قومی شناختی کارڈ بھی بنواسکتے ہیں۔انھوں نے مزیدکہاکہ نادراکے چیئرمین کی طرف سے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپورتعاون کیاجارہاہے اور جہاں کہیں بھی مشکلات کاسامناہے اسے فوری حل کیاجاتاہے۔انھوں نے کہاکہ موجودہ اسمبلی کی مدت جولائی 2026 میں پوری ہوتی ہے۔آئین کے تحت الیکشن کے انعقاد کے لیے 120 دن قبل شیڈول جاری کرناہوتاہے جس کے لیے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے گراؤنڈ ورک مکمل کرلیاہے۔انھوں نے مزید کہاکہ آمدہ الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے لیے کمپیوٹرز،پرنٹرز،انٹرنیٹ،لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے بجلی کی ڈبل لائن،یوپی ایس اور دیگرضروریات پوری کریں گے۔ممبرالیکشن کمیشن سید نظیرالحسن گیلانی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کاعملہ انتخابات کے دوران مکمل طورپرغیرجانبداررہے گا۔ الیکشن کمیشن کے کسی بھی افسریا عملہ کی طرف سے سیاسی جماعت سے وابستگی یاکسی قسم کی حمایت کی شکایت ملی تو الیکشن کمیشن کی طرف سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں