ورلڈ بینک نے دنیا میں شرح غربت کے متعلق اپنی نئی جائزہ رپورٹ میں پاکستان کے لیے بری خبر سنا دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ورلڈ بینک کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اشیائے خورونوش اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے، کمزور لیبر مارکیٹس اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے باعث پاکستان میں غربت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
عالمی بینک کی طرف سے پاکستان کی معاشی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان کے ساڑھے 9کروڑ شہری غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ عالمی بینک کی طرف سے اپنی رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنی مقد س گائیوں زراعت اور رئیل سٹیٹ پر ٹیکس لگانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ورلڈ بینک کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں غربت گزشتہ مالی سال کے دوران بڑھ کر 39.4فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی بینک کی طرف سے اپنی تجاویز میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس میں فوری طور پر 5فیصد اضافہ کرنے اور اخراجات کو جی ڈی پی کے تقریباً2.7فیصد تک کم کرنے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
18