محکمہ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر آزادکشمیر کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں عوام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ مختلف پرنٹ و سوشل میڈیا فورمز پر “کشمیر سپریم لیگ” کے ٹرائلز اور انعقاد کے حوالے سے گردش کر نے والی خبروں سے محکمہ کا کوئی تعلق نہ ہے ۔ اس لیگ کے انعقاد کے لیے نہ تو حکومت آزادکشمیر سے اجازت لی گئی ہے اور نہ ہی محکمہ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر نے اسکی این۔او۔سی جاری کی ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بغیر حکومتی اجازت و این۔او۔سی محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر اپنے گراونڈ پر کسی کوکھیلنے کی اجازت نہیں دیتا۔ آزاد کشمیر کے نوجوان ایسی غیر قانونی اور متنازعہ لیگ سے اپنے آپ کو الگ رکھیں کیونکہ اس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آزادکشمیر کے شہری کشمیر سپریم لیگ کے حوالہ سے مختلف میڈیا فورمز پر چلنے والی خبروں پر اعتبار نہ کریں ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہ ہے۔ ترجمان نے اپنی پریس ریلیز میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ این۔او۔سی کی اجرائیگی سے کسی ایسوسی ایشن کا کوئی تعلق نہیں۔ قانون کے مطابق عدم اعتراض سرٹیفیکیٹ حکومت آزادکشمیر کی اجازت کے بعد محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر جاری کرتا ہے۔
43