وزیر حکومت برائے ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سردار عامر الطاف نے دینی مدارس میں زیر تعلیم طلباء کو فنی تعلیم سے روشناس کروانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے۔ محکمہ امور دینیہ اور آزاد جموں و کشمیر علماء و مشائخ کونسل کے ساتھ مکمل رابطہ کاری اور مشاورت کے نتیجہ میں اس وقت تک آزاد کشمیر کے 13مدارس نے اے جے کے ٹیوٹا کے ساتھ رجسٹریشن کرتے ہوئے مدرسوں کے اندر ٹیکنیکل ایجوکیشن کا اہتمام کیا۔ بچیوں کے مدارس میں سلائی کڑھائی، فیشن ڈیزائننگ اور کمپیوٹر کورسز شروع کروائے گئے۔ اس کے علاوہ بچوں کے مدارس میں کمپیوٹر کورسز اور الیکٹریکل وغیرہ کے کورسز شروع کروائے گئے ہیں۔مدارس کے بچوں کے لیے حکومت آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے تعاون سے NAVTTCنے بھی ٹیکنیکل ایجوکیشن میں داخلے کیے ہیں NAVTTC جو کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کا وفاقی ادارہ ہے اس کے تعاون سے ٹیوٹا آزاد کشمیر کے اداروں میں مدارس کے 120طلباء فنی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان طلباء کو ماہانہ دس ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ یہ طلبا جن کا تعلق مختلف دینی مدارس سے ہے اس وقت مظفرآباد،میرپور،کوٹلی اور پلندری میں قائم ٹیوٹا کے اداروں میں فنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ چیئر مین ٹیوٹا نے مظفرآباد میں زیر تعلیم مدارس کے بچوں سے ملاقات بھی کی۔ چیئر مین ٹیوٹا نے مدارس پر زور دیاکہ وہ جلد ازا جلد ٹیوٹا کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں تا کہ مدارس کے بچوں کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کا اہتمام آزاد کشمیر بھر میں کیا جا سکے۔
42