مظفرآباد (پی آئی ڈی)13ستمبر2024
آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر وائلڈ لائف و فشریز، ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد سردار جاوید ایوب کا یونین کونسل سرلی سچہ کا دورہ۔وزیر حکومت کے حلقہ انتخاب کے دورے کے موقع پر جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا۔ دورے کے دوران وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے یونین کونسل سرلی سچہ میں مختلف منصوبہ جات کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح بھی کیا۔وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے لنک روڈ ڈھکی پنچوڑ روڈ اورلنک روڈ سرلی سچہ کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر حکومت نے ترانگڑ روڈ کا معائنہ بھی کیا اور روڈ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، تعمیر پی سی سی راستہ بی ایچ یو تا چھاڑاں راستہ محلہ راجہ طالب باڑی کے علاوہ دیگر منصوبہ جات کا سنگ بنیاد اور افتتاح بھی کیا گیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وزیر حکومت نے گورنمنٹ بوائزہائی سکول سرلی سچہ کی نو تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح بھی کیا۔ حلقہ میں تعلیم معیار کو بہتربنانے کے لیے اور مسائل کے سدباب کے لیے وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے مختلف سکولوں کا دورہ کیا اور سکولوں میں سٹاف کی کمی جیسے مسائل اور عوامی مطالبات کے جلد حل کی بھی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر ادریس مغل، چوہدری نذیر انقلابی، راجہ ذوالفقار، شاہد سبحانی،ندیم شیخ اور دیگر کارکنان بھی ہمراہ تھے۔ وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سرلی سچہ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب بھی کیا اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے۔ اتحادی حکومت آزادکشمیر میں لوگوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بلند و بالا دعوے نہیں کرتے لیکن لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔ وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ بچوں کو تعلیمی میدان میں بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ اس موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول سرلی سچہ میں صدر معلم ثاقب خورشید،سید مختار کاظمی، ڈاکٹر محمد اشرف اور دیگر نے بھی خطاب کیا ااور وزیر حکومت سردار جاوید ایوب کے اقدامات کو بھرپور انداز میں سراہا۔
31