ڈیلی دومیل نیوزاسلام آباد:وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے رمضان المبارک میں گراں فروشی کیخلاف سخت نوٹس لیا ہے اور آج اہم اجلاس بلا لیا ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یکم رمضان کو بازاروں میں اشیائے خوردو نوش، پھلوں اور اجناس کی قیمت میں خود چیک کروائیں۔
وزیراعظم فیصل راٹھور نے ہوشربا مہنگائی پر آج بروز جمعہ اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کر لیا،اجلاس میں چیف سیکرٹری ایس ایم بی آر اور تینوں ڈویژنز کے کمشنر ز شریک ہوں گے۔
اجلاس میںپولیس کے ڈی آئی جیز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے،تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کو بھی شرکت کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خودساختہ مہنگائی، گرانفروشی کیخلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا تھا کہ انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی، دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ سر انجام دے۔عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے ادارے متحرک رہیں ، غفلت کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔
انتظامیہ ماہِ صیام میں عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فعال مانیٹرنگ گے ، اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور سرکاری نرخوں پر فروخت کی سختی سے نگرانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک رہیں اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔
ضلعی انتظامیہ سحر و افطار کے اوقات میں مجموعی انتظام و انصرام مؤثر رکھے ،شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں عوامی ریلیف کے اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ کرے گی ، واضح کررہے ہیں کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کو ترجیح بنایا ہے ، عوام کو ہرُممکن ریلیف مہیا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے ، انتظامیہ اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کرے کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور ریاست میں بہترین نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔