40

حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے معذور افراد کے کوٹے پر عمل درامد نہ کروایا جا سکا

مظفرآباد(نامہ نگار) حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے معذور افراد کے کوٹے پر عمل درامد نہ کروایا جا سکا، زلزلہ 2005 میں قیمتی انسانی اعضاء سے ہاتھ دھونے والوں سمیت دفاعی علاقہ جات میں بھارتی غیر اعلانیہ گولا باری اور دیگر آفات سماوی سے معذور ہونے والے افراد کسمپرسی کا شکار، میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت آزاد کشمیر نے معذور افراد کی کفالت ملازمت و دیگر سہولیات بہم پہنچانے کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ کے علاوہ ان کی کفالت اور علاج معالجہ کے لیے بھی تحریر کیا گیا تھا مگر ایک عرصہ گزر جانے کے باوجود نہ تو معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ دیا جا سکا نہ ہی ان کی کفالت علاج معالجہ و دیگر سہولیات زندگی پہنچانے کے لیے عمل درآمد کیا جا سکا، ریاست بھر سمیت دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر معذور افراد آج بھی کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، چیئرمین سہارا ویلفیئر ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ کمیٹی ندیم احمد عوان جو کہ ایک اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے گھر کے واحد کفیل بھی ہیں نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر معذور افراد کے کوٹے پر عمل درآمد کروانے کے علاوہ معذور افراد کو معاشرے کا بہترین اور مفید شخص بنانے کے لیے کردار ادا کرے، ان کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر اقتدار مظفرآباد اور قرب و جوار میں درجنوں اعلی تعلیم یافتہ پڑھے لکھے معذور افراد کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں مگر حکومت کی جانب سے ان کی طرف کسی بھی قسم کی توجہ نہیں دی جا رہی جو کہ لمحہ فکریہ ہے، دوسری جانب سول سوسائٹی کے اکابرین نے بھی حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معذور افراد کے کوٹے سمیت دیگر ضروریات زندگی سہولیات مہیا کرنے کے لیے اپنے ہی احکامات پر عمل درآمد کروائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں