پولیس نے گزشتہ روز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ایک اور عہدیدار کو منشیات کی خریدوفروخت کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاری یونیورسٹی کے چیف سیکیورٹی آفیسر سید اعجاز حسین شاہ کی گرفتاری کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے، پولیس نے مذکورہ عہدیدار کے قبضے سے آئس، جنسی گولیوں کے علاوہ طلبہ اور عملے کی قابل اعتراض ویڈیوز برآمد کی تھیں۔
دوسری جانب پولیس کی ایک خصوصی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی میں اساتذہ کا ایک گروپ منشیات کی فروخت اور طالبات اور اساتذہ کے جنسی استحصال میں ملوث ہے۔
سٹی سرکل پولیس نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ٹرانسپورٹ انچارج کو حراست میں لیا اور مبینہ طور پر اس کے قبضے سے 8 گرام کرسٹل میتھ نشہ برآمد کرلیا، ایک ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے انسداد منشیات ایکٹ 1997 کی دفعہ 9 (2) 1 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔