مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز) — آزاد کشمیر کے 15 لاکھ بچے اور نوجوان آج اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ انہیں پاک فوج، پاک فضائیہ کے شاہینوں اور سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر پر فخر ہے جنہوں نے پاکستان کی سلامتی کی حفاظت میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
مودی حکومت کی جارحیت اور پاک فضائیہ کا منہ توڑ جواب
مودی سرکار نے پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کو بہانے بنا کر پاکستان پر 6 مئی 2025 سے مسلسل جارحیت کی۔ بھارتی جنگی جنون نے پاکستان و آزاد کشمیر میں رات کے اندھیرے میں شب خون مارنے کی کوشش کی، لیکن مسلح افواج پاکستان نے دن کی روشنی میں ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ 7 مئی کا دن بھارت کے لیے فراموش نہ ہونے والا حادثہ بن گیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کو 10 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان پہنچایا اور سینکڑوں بھاری فوجی سازوسامان تباہ کر کے واضح پیغام دیا کہ کلمہ کی حفاظت کرنے والے ملک کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں پھوٹ جائیں گی، اور انڈین افواج کو پاکستان کے خلاف جارحیت کا خواب دیکھنا بھی مہنگا پڑے گا۔
ایپسکا کی قیادت کا یومِ تشکر ریلی سے خطاب
ان خیالات کا اظہار سید اشتیاق حسین بخاری ایڈووکیٹ، مرکزی صدر آزاد کشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (ایپسکا)، سید طارق رشید کاظمی صدر ایپسکا ضلع مظفرآباد، محمد وجاہت اشرف اعوان صدر ایپسکا کیپیٹل سٹی مظفرآباد اور دیگر رہنماؤں نے ایک عظیم الشان یومِ تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پورے آزاد کشمیر میں طلبہ کی بھرپور شرکت
ایپسکا کی کال پر پورے آزاد کشمیر سے ہزاروں معصوم طلبہ یومِ تشکر ریلیوں میں شریک ہوئے، جنہوں نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنی مسلح افواج کی بہادری و جواں مردی کو سراہا۔
طلبہ نے قومی پرچم کو سلامی دی اور شہدائے بنیان المرصوص کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا۔ پورے آزاد کشمیر میں دن 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ریلیاں نکالی گئیں۔
ضلع بھمبر اور میرپور میں ریلیوں کی قیادت
ضلع بھمبر سے مرکزی جنرل سیکرٹری ایپسکا جناب عتیق الرحمان کی قیادت میں ہزاروں طلبہ نے ریلی نکالی جبکہ میرپور میں ضلعی صدر مرزا وجاہت بیگ کی قیادت میں طلبہ کا جم غفیر گرمی کی شدت کے باوجود سڑکوں پر موجود رہا۔