ڈیلی دومیل نیوز،صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن اور پائیدار حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں قیام امن ممکن ہو سکتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہی ہے۔ لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اپنا کردارادا کرے۔ بھارت ایک فسطائی ریاست ہے اور نریندر مودی ہندوتوا کی پالیسیوں پر گامزن ہو کر انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے تھا لیکن اب بھارت نے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے جو کہ عالمی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ نریندر مودی پر جنگی جنون سوار تھا اور اُس نے پاکستان پر حملہ کیا لیکن ہماری پاک افواج نے بھارت کے اس جنگی جنون کو خاک میں ملایا۔ پاک فوج کی اس کامیابی پر ہم اپنی مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اُس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کروانے کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر ایک نئی جہت ملی ہے اور مسئلہ کشمیر ایک بار پھر انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ کا مرکز بنا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی ہونا چاہیے اور مذاکرات کی میز پر کشمیری عوام کو بھی بٹھاناہو گا کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اہم اور اصل فریق کشمیری عوام ہی ہیں۔ اس لئے کشمیری عوام کے ساتھ مشاورت اور اُن کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں سرکٹ ہاؤس راولاکوٹ میں سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے صدر سردار شاہ زیب شبیر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے اعشائیہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب میں سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے صدر سردار شاہ زیب شبیر،جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر کے صدر مولانا سعید یوسف،صدارتی مشیر سردار امتیاز خان،وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر،کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمان، ڈی آئی جی پونچھ ریجن سردار ظہیر احمد خان، جنرل سیکرٹری سدھن ایجوکیشن کانفرنس ڈاکٹر غلام حسین خان، نائب صدر سدھن ایجوکیشن کانفرنس پروفیسر سردار منشاء خان، سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے سیکرٹری نشر و اشاعت سردار عابد صدیق، چیئرمین یوتھ ونگ سردار وسیم اعظم، جائنٹ سیکرٹری سردار اعجاز حسین خان، سابق صدر غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ راشد نذیر، سابق صدر غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ عبدالرزاق اور دیگر بھی موجود تھے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر اندھا دھند فائرنگ کر کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے کئی بے گناہ شہری جن میں بچے، بزرگ، جوان اور خواتین شامل ہیں شہید ہوئے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہمارے ان شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور انشاء اللہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے ایک دن بھارت کی اس فسطائیت سے چھٹکارا ملے گا اور کشمیر آزاد ہو گا۔ شہیدوں کی ان قربانیوں کی وجہ سے آج مسئلہ کشمیر عالمی دنیا کے سامنے ایک بار پھر پوری آب و تاب کے ساتھ اُجاگر ہوا ہے اور دنیا مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو سمجھتی ہے۔ صدر آزاد جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب کو مل کر اور یکجا ہو کر مسئلہ کشمیر اور بھارتی بربریت کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہو گا تاکہ بھارت کی فسطائیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جاسکے۔ اس موقع پر سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے صدر سردار شاہ زیب شبیر نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی بے لوث خدمات پر شیلڈ بھی پیش کی۔ دریں اثناء صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سرکٹ ہاؤس راولاکوٹ میں میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کے کونسلرز کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر کونسلرز کے وفد میں کونسلر راشد افراز خان، کونسلر عامر رفیق، کونسلر شاہد خورشید، کونسلر نیئر اشرف، کونسلر مفتی محفوظ اور کونسلر خواجہ سجاد شامل تھے۔ اس موقع پر کونسلر کے وفد نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ان کی مدد کریں گے تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو سکے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کونسلرز کے وفد کودرپیش مسائل کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔
1