مظفرآباد(ڈیلی دومیل نیوز)قائد حزب اختلاف پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما ایم ایل اے حلقہ تین سٹی دارالحکومت مظفرآباد خواجہ فاروق احمد نے بجٹ 2025-26 کے پیش ہونے سے قبل آزادکشمیر کے جملہ اراکین اسمبلی سے بالعموم اور مظفرآباد ڈویژن کے اراکین اسمبلی سے بالخصوص مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظفرآباد دارالحکومت کے منصوبہ جات کی جانب ذاتی توجہ دے کر ان کو آمدہ بجٹ میں شامل کروائیں۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ جناب وزیراعظم کو بذریعہ مکتوب دو تین بار ان منصوبہ جات کی جانب توجہ دلائی جاچکی ہے،متعلقہ وزراء کو بھی ان منصوبہ جات کی نشاندہی کردی گئی ہے اور بار ہار یہ کہا جاتا رہا ہے کہ دارالحکومت کو صرف ایک انتخابی حلقہ کے طورپر ٹریٹ نہ کیا جائے بالخصوص مظفرآباد ڈویژن کے 9 اراکین اور منتخب نشستوں پر اسمبلی میں موجود 2 خواتین ایک علماء ومشائخ رکن اسمبلی کو دارالحکومت کے منصوبہ جات کی منظوری کی جانب خصوصی توجہ دینا ہوں گی۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ ان سب اراکین کی کوٹھیاں مظفرآباد شہر میں ہیں ان کے بچے ودیگر عزیز واقارب شہر میں ہی قیام پذیر ہیں ان کی خوشیاں،غمیاں سب اس شہر سے اب وابستہ ہیں۔سکول،کالجز میں بھی ان کے بچے زیر تعلیم ہیں تو جب یہ یہاں کے تقریباً مستقل رہائشی بن چکے ہیں تو یہ شہر ان سے توقع رکھتا ہے کہ اسے خوبصورت بنانے،سہولیات سے آراستہ کرنے میں بھی اسی طرح دلچسپی لیں گے جس طرح وہ اپنے انتخابی حلقوں کے حوالے سے ہمیشہ سرگرم عمل رہتے ہیں۔ان کے شب وروز جب مظفرآباد دارالحکومت میں گزرتے ہیں تواس شہر کی سڑکوں،سکولوں،کالجز،پلوں،پارکس وغیرہ کی جانب بھی توجہ دینی چاہیے،مظفرآباد کے شہری ان اراکین اسمبلی کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم سے اس شہر کے لیے کیا کچھ لیتے ہیں۔
12