مظفرآباد (نمائندہ خصوصی): آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے پر مشتمل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں میں بھی روزانہ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ کاروباری طبقہ، طلبہ، اسپتال، اور دفاتر کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بغیر شیڈول لوڈشیڈنگ سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ شہریوں نے محکمہ برقیات سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے اور بجلی کی ترسیل کو بحال رکھا جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔
ذرائع کے مطابق لوڈشیڈنگ کی وجہ لائن لاسز، تکنیکی خرابیاں اور بجلی کی طلب و رسد میں فرق بتایا جا رہا ہے، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔
ادھر سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے بجلی کی بندش پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی پوسٹس شیئر کی ہیں اور حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔