ڈیلی دومیل نیوز مظفرآباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر ٹرانسپورٹ آزاد جموں و کشمیر جاوید بٹ نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنی جماعت کے مہاجر ممبران اسمبلی اور پارٹی صدر کی توہین کی، اور ان کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی۔
جاوید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ راجہ فاروق حیدر، رانا ثناء اللہ اور شاہ غلام قادر آزاد کشمیر کے مہاجرین کے ساتھ سیاسی چالاکی سے پیش آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ مہاجرین کی نشستیں چھیننے کے درپے ہیں، شاہ غلام قادر ووٹ لینے کے لیے مہاجرین سے منت سماجت کر رہے ہیں، جبکہ فاروق حیدر اُن ہی مہاجرین کو دریائے نیلم میں پھینکنے جیسے توہین آمیز بیانات دے رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا واقعی راجہ فاروق حیدر نے اپنی ہی پارٹی کے مہاجر ارکان اسمبلی اور پارٹی صدر کو اس حد تک تضحیک کا نشانہ بنایا؟ جاوید بٹ نے اس معاملے پر رانا ثناء اللہ اور شاہ غلام قادر سے وضاحت کا مطالبہ بھی کیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے الزام لگایا کہ مہاجرین کی آبادکاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ آزاد کشمیر کی اشرافیہ ہے، جو ان کے مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔
جاوید بٹ کے ان بیانات سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل مہاجرین کے ووٹوں کی سیاست ایک بار پھر گرم ہو چکی ہے۔