28

وزیراعظم آزادکشمیر وعدہ پورا کریں، ورنہ 14 جولائی کو بھرپور احتجاج ہوگا اساتذہ

ڈیلی دومیل نیوز، مظفرآباد (نامہ نگار خصوصی) آزادکشمیر کے اساتذہ برادری نے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اساتذہ سے کیا گیا وعدہ، خصوصاً مکمل سکیل اپ گریڈیشن کے حوالے سے، فوری طور پر پورا کریں، بصورت دیگر 14 جولائی بروز پیر مظفرآباد میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر اسکول ٹیچرز اینڈ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سردار تاصف شاہین کی قیادت میں اساتذہ برادری نے ایک احتجاجی تحریک کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دیرینہ مسائل اور حکومتی وعدوں کی مسلسل عدم تکمیل نے اساتذہ کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہم قوم کے معمار ہیں، اور ہمارے مسائل کو نظرانداز کرنا افسوس ناک اور حکومتی غفلت کا مظہر ہے۔ مکمل سکیل اپ گریڈیشن کا مطالبہ ایک جائز اور اصولی مطالبہ ہے جس پر حکومت نے متعدد بار یقین دہانی کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا۔

سردار تاصف شاہین نے کہا کہ 14 جولائی 2025ء کو مظفرآباد میں ہونے والے احتجاج میں آزادکشمیر بھر سے اساتذہ کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ تمام اساتذہ کرام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے بھرپور شرکت کریں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تعداد اور ہمارا اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ ہم اس طاقت کو منظم انداز میں استعمال کر کے حکومت کو اپنے مطالبات ماننے پر مجبور کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں