ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار) — تعلیم، صحت اور سیکیورٹی کے بعد اب انصاف بھی مہنگائی کی زد میں آ گیا ہے۔ عدالتوں میں کیس دائر کرنے سے پہلے شہریوں کو اب صرف وکلاء کی فیس ہی نہیں بلکہ بھاری عدالتی ٹیکسوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو روپے کی عدالت فیس ٹکٹ اب 500 روپے میں دستیاب ہے، دس روپے کا وکالت نامہ بھی 500 روپے میں مل رہا ہے، جبکہ 50 اور 100 روپے مالیت والے اسٹام پیپرز اب 300 سے 3000 روپے تک کی قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ اب عام آدمی کے لیے عدالت میں مقدمہ دائر کرنا بھی ایک “امیرانہ عمل” بن چکا ہے۔ مختلف قانونی مسائل میں گھرے عوام الناس کا کہنا ہے کہ اب عدالت جانے سے پہلے کئی بار سوچنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے چیف جسٹس آزادکشمیر، حکومت، اور قانون ساز اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی ٹیکسوں اور فیسوں میں حالیہ اضافے کا نوٹس لیا جائے تاکہ انصاف کا حصول ہر طبقے کے لیے ممکن ہو سکے۔
عوامی حلقوں نے جموں و کشمیر عوامی جائنٹ ایکشن کمیٹی کے کور ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب عوام کو اس بوجھ سے نجات دلانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔