مظفرآباد، (ڈیلی دومیل نیوز)
مظفرآباد شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات اور بلدیہ کی مسلسل لاپرواہی نے دریائے نیلم کو آلودگی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ شہر کا بیشتر کچرا اور سیوریج کا پانی بلا کسی رکاوٹ کے براہِ راست دریا میں ڈال دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں بلکہ انسانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو دریائے نیلم کی قدرتی خوبصورتی، اس کا ماحولیاتی توازن اور مچھلیوں سمیت دیگر آبی جانداروں کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔ دوسری جانب شہریوں نے بھی بلدیہ مظفرآباد کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متبادل ٹھوس فضلہ تلف کرنے کا بندوبست کیا جائے اور دریا کو آلودگی سے بچایا جائے۔
واضح رہے کہ دریائے نیلم سیاحت اور ماہی گیری کے حوالے سے ایک اہم قدرتی اثاثہ ہے، جس کی بقا حکومت، اداروں اور عوامی شعور کے ذریعے ہی ممکن ہے۔