51

فوڈ اتھارٹی کا مظفرآباد میں معائنہ، ناقص صفائی پر ایک ہوٹل سیل، متعدد کاروباری حضرات کو جرمانے اور نوٹس جاری

ڈیلی دومیل نیوز.آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے معیار، صفائی کے انتظامات اور قوانین پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔

موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے اپر چھتر، لوئر چھتر، دومیل اور اپر اڈہ میں قائم ہوٹلز، برگر پوائنٹس، ڈیری شاپس اور بیکریوں کا معائنہ کیا گیا۔ دوران کارروائی دودھ، دہی، چائے کی پتی، خوردنی تیل اور پانی کے نمونے حاصل کر کے موقع پر ہی تجزیہ کیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی ایکٹ اور پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر ایک ہوٹل کو موقع پر سیل کر دیا گیا، جبکہ متعدد کاروباری افراد کو جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف، معیاری اور محفوظ غذا کی فراہمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “انسانی جانوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔”

انہوں نے تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فوڈ اتھارٹی سے رجسٹرڈ مصنوعات ہی فروخت کریں اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیاء کی روک تھام کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے، اور یہ کارروائیاں تسلسل سے کی جائیں گی۔

مزید برآں، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری یا مضر صحت اشیاء کی فروخت کی شکایات کے لیے فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر کال کریں، تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں