مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے ڈائریکٹر خوراک/سیکرٹری فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر اندرون آزاد کشمیر فروخت ہونے والی جملہ اشیائے خوردونوش کی معیار کے جانچ کا عمل شروع کر دیاگیاہے۔ پہلے مرحلے میں آزاد کشمیر میں فروخت ہونے والی جملہ اشیائے خوردونوش کے نمونہ جات حاصل کر کے لیبارٹری کو ارسال کئے جائیں گے تاکہ اشیائے خوردونوش کے معیار کو جانچا جاسکے۔ اس ضمن میں فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے کوہالہ کے مقام پر ناکہ لگا کر آزاد کشمیر میں داخل ہونے والی فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کی جامع چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران گاڑیوں میں موجود مختلف اشیائے خوردونوش کے نمونے حاصل کیے گئے،جن کا معیار جانچنے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ کارروائی فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کی دفعہ 13 اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کے چیپٹر 1 کے تحت کی گئی، جس کے تحت ہر اشیائے خوردونوش کی کوالٹی کا باقاعدہ لیبارٹری تجزیہ ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں خوراک سے وابستہ کاروباری افراد کو فوڈ اتھارٹی کے قوانین اور ریگولیشنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ کسی بھی قسم کی غفلت، غیر معیاری یا مضر صحت اشیاء کی فروخت پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں عوامی صحت کے تحفظ کے لیے مسلسل متحرک ہیں اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔غیر معیاری،مضر صحت اور غیر رجسٹرڈ اشیاء کی فروخت کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کیخلاف شہری فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر کال کریں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
27