ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار) شہرِ اقتدار مظفرآباد کے مصروف ترین تجارتی مراکز، سیاحتی مقامات، پبلک پارکس اور لاری اڈوں میں پبلک ٹوائلٹس کی عدم دستیابی نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ عوام کو رفع حاجت کے لیے مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد کئی مقامات پر پہلے سے موجود ٹوائلٹ تباہ ہو کر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، جبکہ محدود تعداد میں موجود بعض ٹوائلٹس پر مختلف اداروں کی جانب سے بھاری فیسیں وصول کی جا رہی ہیں، جس سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ شہر بھر میں بڑی بڑی عمارتیں اور پلازے تعمیر کیے جا رہے ہیں، مگر ان میں عوامی بیت الخلا شامل نہ ہونے سے اداروں کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے ہو رہے ہیں۔
اس ضمن میں ملک یاسین، جاوید مغل، منظور ڈار، منیر قریشی اور عظمت شاہ سمیت متعدد سیاسی، سماجی، تجارتی اور مذہبی شخصیات نے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد سے اپیل کی ہے کہ دو میل کے مقام پر سابقہ تعمیر شدہ مگر زلزلہ زدہ بیت الخلا کی تعمیر و تزئین کی جائے تاکہ شہریوں، سیاحوں، نمازیوں اور تاجروں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ مظفرآباد کے مصروف ترین اور گنجان آباد علاقوں، لاری اڈوں، سیاحتی مقامات اور پبلک پارکس میں عوامی ٹوائلٹس کی فوری تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔
شہریوں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ سرکاری اراضیات جو قبضہ مافیا کے نرغے میں ہیں، انہیں واگزار کروا کر ان مقامات پر بھی عوامی سہولیات، خصوصاً بیت الخلا تعمیر کیے جائیں۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا ہے کہ محکمہ مال و دیگر اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے اراضی پر ناجائز قبضے کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔