ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار) شہر اقتدار مظفرآباد کے گنجان آباد علاقے جیل روڈ پر غیر قانونی تعمیرات اور نالہ بندش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، جس سے مدینہ مارکیٹ کے قریب واقع 11 سے زائد دکانیں اور قرب و جوار کا رہائشی علاقہ شدید خطرے میں آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایک غیر قانونی عمارت میں باتھ روم پھٹنے کے باعث مدینہ مارکیٹ سے گزرنے والا مرکزی نکاسی آب کا نالہ بند ہو گیا، جس کے نتیجے میں گندہ پانی سڑکوں اور دکانوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔ متاثرہ دکانداروں میں محمد آصف، محمد ریاض، وقار عباسی، ملک خورشید، احسان لون، حمزہ شاہ و دیگر نے بتایا کہ صورتحال دن بہ دن خراب ہو رہی ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے سانحے کا خدشہ ہے۔
بینک روڈ پلازہ، جو کہ شہدائے زلزلہ کی یادگار کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا، بھی مسلسل بہنے والے گندے پانی کی زد میں آ چکا ہے، جس سے اس کی بنیادیں متاثر ہو رہی ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق، تعفن، گندگی اور غلاظت کی بھرمار نے نہ صرف رہائش پذیر افراد کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ کئی ایک موذی امراض پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
دکانداروں اور مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد تحریری اور زبانی شکایات کے باوجود، حتیٰ کہ میر بلدیہ کی جانب سے موقع کا معائنہ کیے جانے کے باوجود بھی ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سید سکندر نثار گیلانی اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔