ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نمایندہ خصوصی) چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر جسٹس لیاقت حسین شاہین نے منگل کے روز ہائی کورٹ مظفرآباد میں جاری توسیع و تزئین منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا اور عدالتی نظم و نسق میں بہتری کے لیے متعدد اہم احکامات جاری کیے۔
چیف جسٹس نے احاطہ عدالت میں سگریٹ نوشی، نسوار اور ہر قسم کے نشہ آور اشیاء کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اسی طرح، ہائی کورٹ کے ماتحت دفاتر میں سائلین اور مہمانوں کے غیر ضروری بیٹھنے پر بھی قدغن لگا دی گئی ہے۔
عدالتی امور سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے چیف جسٹس نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی مقدمہ میں ایک ماہ سے زائد عرصہ پر محیط تاریخ نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے نقول کے اجراء کے عمل کو شفاف بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے آئی ٹی سیکشن کو تیز رفتار اور درست سافٹ ویئر کی تنصیب کا حکم دیا تاکہ عدالتی نقول بروقت اور بغیر غلطی فراہم کی جا سکیں۔
توسیعی منصوبے کے معائنے کے دوران چیف جسٹس نے زیر تعمیر کانفرنس ہال اور کیفے ٹیریا کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی معیار کو بہتر بنانے اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ کیفے ٹیریا میں صفائی، کھانے کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔
عدالت کی حدود میں لان، چار دیواری اور سائن بورڈز کو معیاری اور دیدہ زیب بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے چیف جسٹس نے محکمہ تعمیرات عامہ کو وسائل کی فراہمی یقینی بنانے اور کنٹریکٹر سے مکمل تعاون کرنے کے احکامات دیے۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے وکلا کو تنبیہ کی کہ وہ ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے غیر ضروری گفتگو سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی من پسند تشریحات کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے اور میڈیا کو صرف رجسٹرار ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز پر انحصار کرنا چاہیے۔
چیف جسٹس نے صحافیوں کو بھی تلقین کی کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کریں اور عدالت کے احکامات کو سنسنی خیزی یا خودنمائی کے طور پر نہ پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالت اپنے تمام امور مقررہ ضوابط و قوانین کے مطابق سرانجام دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی تعطیلات کے باوجود وکیشنل ججز عدالت میں موجود ہیں اور نئے مقدمات کی ضروری کارروائیاں بروقت انجام دی جا رہی ہیں۔ چیف جسٹس نے چھ ہفتوں کی عدالتی کارکردگی اور عملے کی ذمہ داریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔