مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ کشمیری عوام نے اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا اور دنیا کو پیغام دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔
مودی حکومت کا ہندوتوا ایجنڈا
وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے نہ صرف کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے بلکہ اپنے ہندوتوا ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ایک متنازعہ علاقے پر جبراً قبضے کو قانونی حیثیت دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ پالیسی صرف مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ سکھوں، عیسائیوں اور دلتوں کے لیے بھی زمین تنگ کر دی گئی ہے، اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انسانی حقوق کی پامالی اور جنگی جرائم
وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ سے زائد بھارتی افواج شہریوں کے تمام بنیادی انسانی حقوق غصب کر رہی ہیں۔ اظہارِ رائے، جائیداد، میڈیا اور سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندیاں عائد ہیں۔
“تمام حریت قیادت، انسانی حقوق کے کارکن، صحافی اور نوجوان بھارتی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں، اور جعلی مقابلوں میں شہید کیے جا رہے ہیں۔”
ڈومیسائل قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے آبادی کے تناسب کو بدلنے کے لیے ڈومیسائل قانون متعارف کروایا، جو اقوام متحدہ کے چارٹر، جنیوا کنونشنز، اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کا اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 91 (1951) اور 122 (1957) کے خلاف ہے، جس کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کی حیثیت صرف اقوام متحدہ کی زیرنگرانی عوامی رائے سے ہی طے ہو سکتی ہے۔
عالمی برادری سے مطالبہ
وزیراعظم نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے اداروں اور صحافتی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ “کشمیر سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب مسئلہ ہے۔ اس کا منصفانہ حل عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔”
کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جرات، عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “کشمیری قوم بھارتی جبر کے سامنے جھکنے والی نہیں، اور حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے گی۔”