ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے مظفرآباد ڈویژن کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست کو دن 2 بجے ایگروٹیک گراؤنڈ، مرکزی عیدگاہ مظفرآباد میں منعقد ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست وہ دن ہے جب مودی حکومت نے 2019ء میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں پر ایک اور ظلم کیا۔ اسی روز پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی آواز، عمران خان کی ناحق قید کو بھی دو سال مکمل ہو جائیں گے۔ یہ دن نہ صرف کشمیریوں سے یکجہتی بلکہ عمران خان کی قید کے خلاف احتجاج کا بھی دن ہے۔
خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ “ہمارے قائد عمران خان نے دو سال کی قید کے دوران نہ بیماری کا بہانہ بنایا، نہ ہی اسپتال کو سب جیل میں تبدیل کر کے ڈرامہ کیا، نہ ہی کسی ڈیل کو قبول کیا۔ انہوں نے صرف ایک بات کہی: عوام کا مینڈیٹ بحال کرو، فارم 47 کی پیداوار کو اقتدار سے ہٹاؤ، اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو بحال کرو۔”
انہوں نے کہا کہ ملک کو گزشتہ تین سالوں میں جس بدترین حالات سے دوچار کیا گیا، وہ سب کے سامنے ہے۔ 5 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی اپر اڈہ لال چوک سے شروع ہو کر بائی پاس طارق آباد کے راستے کوہالہ تک جائے گی۔ کارکنان پارٹی کے جھنڈے ساتھ لائیں اور پرامن احتجاج کا حصہ بنیں۔
خواجہ فاروق احمد نے خبردار کیا کہ اگر اس پرامن احتجاج کو روکنے یا کارکنان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی تو مظفرآباد اور سری نگر میں کوئی فرق باقی نہیں رہے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری آزاد کشمیر کی غیر نمائندہ حکومت پر عائد ہوگی۔