34

عمران خان کی رہائی کے لیے پٹہکہ میں پاکستان تحریک انصاف کی بڑی ریلی

ڈیلی دومیل نیوز.پٹہکہ (تحصیل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمٰن کی قیادت میں حلقہ کوٹلہ سے ہزاروں کارکنان نے عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی، جو مختلف یونین کونسلز سے ہوتے ہوئے پٹہکہ پہنچ گئی۔ ریلی میں شرکاء نے “رہا کرو، رہا کرو – عمران خان کو رہا کرو” جیسے نعرے لگائے۔

ریلی میں نوجوانوں، بزرگوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر عمران خان کی رہائی کے مطالبات درج تھے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، جن میں پٹہکہ کا مظاہرہ نمایاں رہا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میر عتیق الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان کو بے گناہ قید کیا گیا ہے، اور حکومت فارم 47 کے خوف سے ان کی رہائی سے گریزاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے دوبارہ کال دی تو اسلام آباد کو جام کر دیں گے۔

سابق امیدوار اسمبلی نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی، بدعنوانی اور جبر کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے ملک کو لوٹ لیا ہے اور وہ عمران خان کے مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔

ریلی سے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل میر عادل، راجہ مدد علی خان، میونسپل کمیٹی پٹہکہ کے ممبر راشد عباسی، میر ولایت حسن، سفیر اعوان، مختار احمد، سید قلندر نقوی، جنید اعوان، میر مبشر سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اس سے قبل یونین کونسل بھیڑی سے ایک بڑی ریلی میر عتیق الرحمٰن کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں