50

مظفرآباد: خالصہ سرکار اراضی، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں پر قبضے عروج پر

ڈیلی دومیل نیوز،مظفرآباد (نامہ نگار) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں خالصہ سرکار اراضی، ندی نالوں کے کناروں اور قدیم آبی گزرگاہوں پر قبضوں اور بے ہنگم تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ کھم درنگ گوجرہ، بیلہ نور شاہ، سماں بانڈی، نلوچھی، طارق آباد، میرا تنولیاں، چھتر، چہلہ سمیت مختلف علاقوں میں بغیر این او سی و نقشہ تعمیرات کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق قبضہ مافیا نے متعلقہ اداروں کی خاموشی اور مجرمانہ غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری اراضی پر دھڑلے سے غیر قانونی تعمیرات کا عمل شروع کر رکھا ہے، جس سے نہ صرف شہر کا حسن متاثر ہو رہا ہے بلکہ روز بروز عوامی جھگڑوں اور بدامنی کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرکاری زمینوں پر قبضے اور ندی نالوں کی قدرتی گزرگاہوں پر رکاوٹیں پیدا ہونے سے سیلابی خطرات بھی لاحق ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری، کمشنر مظفرآباد ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، چئیرمین ایم ڈی اے، میئر میونسپل کارپوریشن و دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خالصہ سرکار اراضی، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہر کو بے ہنگم تعمیرات و قبضہ مافیا سے محفوظ بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں