30

امبور اور گوجرہ میں فوڈ اتھارٹی کی دبنگ کارروائیاں، ہوٹل سیل اور جرمانے

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے عوام کو صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے امبور اور گوجرہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہوٹل کو سیل، متعدد کاروباروں کو جرمانے اور وارننگ نوٹسز جاری کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن کی سربراہی میں امبور میں اچانک معائنے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات الارض کی موجودگی، گندے برتن، غیر معیاری کھانے اور خوراک کو بغیر ڈھانپے رکھنے جیسے سنگین مسائل پائے گئے، جس پر مشہور الاعوان ہوٹل موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔

گوجرہ میں ایک معروف بیکری کے پروڈکشن ایریا میں صفائی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی اور اشیائے خوردونوش کو غیر محفوظ طریقے سے رکھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس دوران فوڈ ڈیلیوری گاڑی کی چھت پر کھلا سامان رکھنے پر بھی کارروائی کی گئی۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام فوڈ بزنس آپریٹرز صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک اور غیر رجسٹرڈ اشیاء کی فروخت کی اطلاع ہیلپ لائن 1280 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں