41

بونیر میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، حکومت آزادکشمیر متاثرین کی مدد کرے: اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیرخواجہ فاروق احمد

ڈیلی دومیل نیوز،مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما و اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ کے باعث ہونے والی تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر حکومت آزادکشمیر کو بھی متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔

انہوں نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران مقامی عمائدین اور رکن اسمبلی و چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان سے ملاقات کی اور نقصانات کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مقامی عوام نے جس حوصلے اور ہمت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اور امید ہے کہ وہ جلد اپنے پاؤں پر کھڑے ہو جائیں گے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ سیلابی ریلے سے ہونے والی تباہی اس قدر زیادہ ہے کہ صرف خیبرپختونخوا حکومت کے لیے اس کا ازالہ ممکن نہیں، اس کارِ خیر میں سب کو تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 8 اکتوبر 2005ء کے زلزلے کے بعد پاکستان کے عوام اور حکومت نے آزادکشمیر کے دکھوں پر مرہم رکھا تھا، اسی طرح آج آزادکشمیر حکومت کو چاہیے کہ وہ خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کرکے ان کی ضرورت کے مطابق امداد فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی سردیوں میں متاثرین کو کمبل، رضائیاں اور جستی چادریں فوری طور پر فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، لیکن آزادکشمیر حکومت ابھی تک خواب غفلت میں ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آزادکشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہے، مکانات، دکانات، زرعی زمینات اور سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کسی سطح پر عملی تعاون دیکھنے میں نہیں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزراء کے ہوائی دورے اور اعلانات متاثرہ عوام کے کسی کام نہیں آئے، زمین پر حقیقی ریلیف کا فقدان ہے۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ آزادکشمیر حکومت اپنے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں شروع کرے اور بونیر کے متاثرین کے ساتھ عملی تعاون کے لیے خیبرپختونخوا حکومت سے فوری رابطہ کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں