ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد: دارالحکومت مظفرآباد کےگائوں بٹناڑہ میں اپنے حق کیلئے سڑکوں پر نکلنے والے عوام کیخلاف کارروائی، تھانہ پنچگراں میں ایف آئی آر در ج ، کریک ڈائون کرکے7کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بٹناڑا میں بنیادی حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کرنے والے لوگوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ تھانہ پنچگراں میں مظاہرین کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں کئی سال سے بیرون ملک مقیم شہری کا نام بھی شامل ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سات افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے،باقی مظاہرین کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کو ہراساں کرنے کے بجائے ان کے مسائل سنے جائیں۔
یاد رہے کہ کچھ روزقبل بٹناڑہ میں بجلی کی عدم دستیابی پر شروع ہونے والا احتجاج شدت اختیار کر گیاتھا اور مظاہرین کی جانب سے شاہراہِ نیلم بند کرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیاتھا۔