19

آزاد کشمیر میں کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کی منظوری

ڈیلی دومیل نیوز، مظفرآباد (نامہ نگار) آزاد جموں و کشمیر میں کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کی تنصیب کے لیے بزنس ریکوائرڈ ڈاکومنٹس کے مسودہ کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ یہ منظوری آج منعقدہ اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت ممبر الیکشن کمیشن سید نظیرالحسن گیلانی نے کی۔

اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس، نائب ناظم آئی ٹی بورڈ ندیم تاج اور نادرا کے ڈائریکٹر پروجیکٹس محمد زاہد سمیت تینوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ ماہ نادرا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی معاہدے کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے لیے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کی تیاری، کمیشن کے دس ضلعی اور چار مرکزی دفاتر میں اس کی تنصیب، مطلوبہ سافٹ ویئر و ہارڈ ویئر، عملے کی استعداد کار بڑھانے اور نادرا کی جانب سے تکنیکی معاونت کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کے تمام مراحل معاہدے کے تحت مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں گے۔ سسٹم کے فعال ہونے کے بعد انتخابی فہرستوں کی تیاری، ووٹرز کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستگی کے علاوہ حلقہ بندیوں کی تشکیل جیسے اہم معاملات جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام پائیں گے۔

اس موقع پر ممبر الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آمدہ عام انتخابات سے قبل انتخابی عمل کو شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدار بنانے کے لیے جدید ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی سہولیات بروئے کار لائی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں