ڈیلی دومیل نیوز،فوڈ اتھارٹی جہلم ویلی نے غیر رجسٹرڈ اور مضرِ صحت پاپڑ نذرِ آتش کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی جہلم ویلی نے لمنیاں بازار میں قائم فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا،آئل مصالحہ جات اور مختلف مشروبات کے نمونہ جات موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے موقع پر جدید سائنسی آلات کے ذریعے ٹیسٹ کیے گئے۔ دوران معائنہ غیر رجسٹرڈ مضرِ صحت پاپڑ کی فروخت کی نشاندہی ہوئی، جسے موقع پر نذرِ آتش کر دیا گیا، جبکہ آئل کے نمونہ جات کی جانچ کی گئی۔ اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز سفیر خان اور آصف عباسی نے فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی کے ہمراہ فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خورونوش کے معیار، صفائی ستھرائی کے انتظامات، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت اور فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی، ناقص صفائی، غیر رجسٹرڈ اشیائے خورونوش کی فروخت پر متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو موقع پر جرمانے عائد کیے گئے اور سخت وارننگز بھی جاری کی گئیں۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر نے کہا کہ آئل اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء میں ناقص معیار عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، فوڈ اتھارٹی ناقص معیار اور غیر رجسٹرڈ اشیائے خورونوش کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی غیر معیاری یا مضرِ صحت خوراک کی نشاندہی فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر کریں تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
53
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل