فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے فوڈ پوائنٹس پر موثر نگرانی کا عمل جاری 9

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے فوڈ پوائنٹس پر موثر نگرانی کا عمل جاری

مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز)رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے فوڈ پوائنٹس پر موثر نگرانی کا عمل جاری۔فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے اولڈ سیکرٹریٹ،گھڑی پن،دومیل اور ٹاہلی منڈی بازار میں مختلف پکوان سنٹرز کا جامع معائنہ کیا۔دورانِ معائنہ پکوان کی تیاری میں استعمال ہونے والے کھانے کے آئل، مصالحہ جات، خام اشیائے خوردونوش،ورکرز کے ذاتی حفظان صحت سمیت صفائی ستھرائی کے مجموعی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بیکری آئٹمز اور مشروبات کے معیار، ایکسپائری ڈیٹ، ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار اور فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں کی بھی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔فوڈ اتھارٹی ٹیم نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر معیاری، مضرِ صحت یا قوانین کے برخلاف خوراک کی تیاری اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری یا مضرِ صحت خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کے اندراج کے لیے فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں