وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات پر مظفرآباد کو خوبصورت بنانے کے لیے چیف انجینئر تعمیراتِ عامہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس 10

وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات پر مظفرآباد کو خوبصورت بنانے کے لیے چیف انجینئر تعمیراتِ عامہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس

مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز)وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات پر مظفرآباد کو خوبصورت بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس،مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں دارالحکومت مظفرآباد کو خوبصورت، منظم اور ماڈل سٹی بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس چیف انجینئر تعمیراتِ عامہ (شاہرات) مظفرآباد زون راجہ امجد صدیق نے اپنے آفس چیمبر میں طلب کیا، جس کی صدارت بھی انہوں نے کی۔اجلاس میں وزیر مواصلات و تعمیراتِ عامہ سردار ضیاء القمر اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو خواجہ نعیم بسمل کی پالیسی ہدایات اور وژن کی روشنی میں دارالحکومت کی خوبصورتی سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں میئر مظفرآباد سید سکندر گیلانی، میونسپل کارپوریشن مظفرآباد، ڈیویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد، محکمہ زراعت، محکمہ شاہرات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر کے احکامات کے مطابق مظفرآباد شہر کی مجموعی خوبصورتی، شہری صفائی، شجرکاری، سڑکوں و فٹ پاتھوں کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے، ماحولیاتی تحفظ اور شہری نظم و ضبط سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے دارالحکومت کو اس کے شایانِ شان بنانے کے لیے قابلِ عمل اور مؤثر تجاویز پیش کیں اور بین المحکماتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ چند روز میں تمام قابلِ عمل تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دے کر باقاعدہ طور پر جناب وزیراعظم آزاد کشمیر کو پیش کیا جائے گا تاکہ عملی اقدامات کا فوری آغاز ممکن بنایا جا سکے۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر مواصلات و تعمیراتِ عامہ اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کی رہنمائی میں، وزیراعظم کی قیادت کے تحت مظفرآباد کو ایک صاف، سرسبز اور خوبصورت دارالحکومت بنانے کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں