ڈیلی دومیل نیوز: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آپریشن غضب لِلحق کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک کی کارروائیوں میں افغان طالبان کے 331 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 500 سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ جاری آپریشن کے نتیجے میں افغان طالبان کی 104 چیک پوسٹیں ملیا میٹ کر دی گئی ہیں، جبکہ 22 چوکیوں کا کنٹرول پاکستانی فورسز نے سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عسکری کارروائی کے دوران افغان طالبان کے 163 ٹینک اور جنگی گاڑیاں تباہ ہوئیں، جبکہ افغانستان کے اندر کل 37 مقامات پر فضائی حملے کیے گئے۔
عسکری ذرائع (آئی ایس پی آر) کے اعداد و شمار کے مطابق، اس جنگ میں 297 خوارج مارے گئے اور 450 زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 89 چوکیوں کو تباہ اور 18 کو قبضے میں لیا گیا ہے، جبکہ 115 بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک بھی تباہی کا شکار ہوئے۔