2

چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبد الماجد خان کی زیرصدارت کشمیر ہاؤس میں اہم اجلاس مالی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبد الماجد خان کی زیرصدارت کمیٹی رُوم کشمیر ہاؤس میں کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ زراعت کے مالی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران 02 پبلک پارکس پرخصوصی انکوائری کی روشنی میں زائد ادائیگیوں کا معاملہ زیر بحث آیا، کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ریکوری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں دیگر آڈٹ پیراز کے حوالہ سے محکمہ زراعت کے حکام نے بتایا کہ زائد ادائیگیوں کی مد میں 98 لاکھ روپے کی رقم ریکور کر لی گئی ہے۔ کمیٹی نے سرکاری خزانے کو نقصان سے بچانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیا۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے موثر مانیٹرنگ کا نظام اپنایا جائے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سرکاری خزانہ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ زیر التواء آڈٹ پیراز کو بھی جلد نمٹایا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ عوامی وسائل کے تحفظ اور شفافیت کے فروغ کے لیے نگرانی کے سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اجلاس میں ممبران کمیٹی کرنل (ر) وقار احمد نُور، چوہدری اظہر صادق،اکبرابراہیم،عاصم شریف بٹ، محترمہ تقدیس گیلانی ایم ایل ایز سمیت سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک، آبپاشی و اسماء وجاہت رشید بیگ،ڈی جی ڈاکٹر اعجاز،ڈی جی آڈٹ سعید اللہ خان نیازی،ڈائریکٹر آڈٹ عبدالحمیدسلہریا، ماجد اقبال ایڈیشنل سیکرٹری مالیات نے شرکت کی۔سیکرٹری قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سرا نجام دیتے ہوئے مختلف وضاحت طلب معاملات کو واضح کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی راجہ ضیاء الحق و ڈپٹی سیکرٹری نثار اعوان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔کمیٹی آج بروز جمعرات محکمہ صنعت و حرفت’معدنی وسائل’مائنز اینڈ منر لز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں