1

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاداحمد قریشی کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ

ڈیلی دومیل نیوز،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاداحمد قریشی کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی، چیف آفیسر بلدیہ صاحبزادہ ذوالفقار عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر منہاس، پراجیکٹ ڈائریکٹر سید شکیل گیلانی، ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر آصف رضا میر، سابق صدر سنٹرل پریس کلب سجاد میر اور محکمہ اطلاعات کے آفیسر شاہد قیوم سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکاء کو پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 36 کروڑ روپے لاگت سے مکمل ہونے والے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب 9 اپریل بروز بدھ میونسپل کارپوریشن مظفرآباد میں منعقد ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میونسپل کونسلرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں ان کی آراء لی جائیں گی، جبکہ افتتاحی تقریب سے قبل مکمل ریہرسل بھی کی جائے گی تاکہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے باقاعدہ آگاہی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاد قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت شہر میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور اس کی ترسیل کا جدید اور مربوط نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 64 ٹن کچرا مظفرآباد شہر سے اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ کے لیے 36 رکشے، سینیٹری ورکرز کے لیے 250 یونیفارمز، دستانے، لمبے بوٹس اور حفاظتی ٹوپیاں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ 5 کیوبک میٹر کے 14 بڑے اور 256 چھوٹے کنٹینرز بھی خریدے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے دیگر آپریشنل گاڑیوں کی خریداری مکمل کر کے مظفرآباد پہنچا دی گئی ہیں اور انہیں آپریٹ کرنے کے لیے عملے کو تربیت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی مؤثر نگرانی کے لیے مرکزی دفتر میں جدید ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے عمل کو ڈیجیٹل طور پر مانیٹر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، عوامی صحت کے تحفظ اور صاف ستھرا شہری ماحول فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں