ڈیلی دومیل نیوز، آزادی ایک نعمت ہے اور کتنی بڑی نعمت ہے اس کا اندازہ صرف وہی لگا سکتے ہیں جو آزادی سے محروم ہیں، مجبور و مقہور ہیں۔ آزادی کا مطلب یہ ہے کہ ہر شخص کو کھلی فضا میں سانس لینے کا حق ہے، اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق ہے، اپنے عقائد کے مطابق عبادت کرنے کا حق ہے۔ آزادی ایک بیش قدر نعمت، قدرت کا بے حد انمول تحفہ اور زندگی کو حقیقی طور پر جینے کا اصل احساس ہے۔ اِس کے برعکس غلامی ایک فطری برائی، کربناک اذیت اور خوفناک زنجیر ہے۔ جو اس زنجیر میں جکڑا جاتا ہے اس کے لئے پھر آزاد ہونا ناممکن ہو جاتا ہے اور اسے آزادی کے لئے لاکھوں قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ ہمیں بھی آزادی مفت میں نہیں ملی تھی۔ آزادی کی خاطر لاکھوں قربانیاں دی گئی تھیں۔اِس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ جس طرح معاشرے میں شخصی آزادی نہایت اہم ہے اسی طرح اجتماعی آزادی کی اپنی اہمیت و افادیت ہے اور اس کی قیمت بھی دینا پڑتی ہے، کبھی ایثار کی صورت میں اور کبھی قربانی کی صورت میں۔ یوں کہہ لیں کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، اِس سے بڑھ کر دنیا میں کوئی چیز نہیں اور اِس کی حفاظت کسی بھی قوم کی انفرادی اور اجتماعی قومی ذمہ داری ہوتی ہے۔
33