ڈیلی دومیل نیوز،اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور عالمی برادری میں اپنی حقیقی جگہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور معرکہ حق کے دوران دکھائے گئے عزم کو پاکستان کی عالمی ساکھ میں اضافے کی مثال قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور ہم مل کر دشمنوں کے سازشوں کو ناکام بنائیں گے، ان شا اللہ۔ انہوں نے ہر شہری کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت اور شہریوں کی حفاظت کسی بھی حالت میں قربان نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پائیدار امن و ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے۔ مسلح افواج، خفیہ اور معلومات فراہم کرنے والے ادارے تمام چیلنجز کا پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ جواب دے رہے ہیں۔ پاکستان دنیا میں اپنا بہترین مقام حاصل کر رہا ہے اور کرتا رہے گا، ہماری قوت قومی اتحاد اور اتفاق سے جڑی ہے، ہم دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو انشاء اللہ ناکام بنا دیں گے۔