ڈیلی دومیل نیوز،پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کیونکہ محکمہ پاسپورٹس نے درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لیے ایک جدید اور مکمل نظام متعارف کرا دیا ہے۔
نئے نظام کے تحت پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی، جس سے شہریوں کو اپنے پاسپورٹ کی پراسیسنگ کی ہر مرحلے کی مکمل معلومات حاصل ہو سکیں گی۔
ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایت پر ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی 24/7 مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل اینٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ آپریشنز کی نگرانی اور ایوالیوشن کی جائے گی۔ اس سے نہ صرف درخواستوں کی پراسیسنگ بلکہ پرنٹنگ کے مراحل اور اسٹاف کی کارکردگی بھی مؤثر طریقے سے مانیٹر کی جا سکے گی۔
نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کے اپلائی ہونے سے لے کر ڈیلیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی کی جائے گی اور یہ بھی ممکن ہوگا کہ پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی کی جا سکے، تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور عملے کی کارکردگی مزید بہتر ہو۔