42

محکمہ ان لینڈ ریونیو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے پریس ریلیز جاری

ڈیلی دومیل نیوز،محکمہ ان لینڈ ریونیو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ حالیہ نوٹیفکیشن کے تحت انکم ٹیکس کیActive Taxpayers List (ATL) کے حوالے سے آزاد جموں و کشمیر کی ٹیکس گزار برادری کو درپیش مسائل کا باقاعدہ اور مؤثر حل فراہم کر دیا گیا ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وہ ٹیکس گزاران جو وہاں کے متعلقہ ٹیکس قوانین کے تحت Active Taxpayers List میں شامل تھے، انہیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آن لائن پورٹل پر ATL کی شناخت اور تسلیم کیے جانے کے حوالے سے بعض عملی مشکلات کا سامنا تھا، جس کے نتیجے میں بعض معاملات میں دہری ٹیکسیشن اور عدم شناخت جیسے مسائل پیدا ہو رہے تھے۔ مذکورہ نوٹیفکیشن کے نفاذ کے بعد ان مسائل کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں واضح کیا جاتا ہے کہ اب آزاد جموں و کشمیر کی سنٹرل بورڈ آف ریونیو کی Active Taxpayers List میں شامل اہل ٹیکس گزاران کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نظام میں بھی قواعد و ضوابط کے مطابق تسلیم کیا جائے گا، اور ان کی ٹیکس حیثیت کا تعین یکساں اور شفاف طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔محکمہ ان لینڈ ریونیو کے اس اقدام کے نتیجے میں نہ صرف ریاست کے ٹیکس گزاران کو درپیش ڈبل ٹیکسیشن اورتسلیم نہ کرنے کی بابت تحفظات کا خاتمہ ہو گیا ہے بلکہ ٹیکس نظام میں ہم آہنگی، شفافیت اور انتظامی سہولت میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔محکمہ ان لینڈ ریونیو اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ ٹیکس گزاروں کی سہولت، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایسے اصلاحاتی اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں