ڈیلی دومیل نیوز،مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں امن و امان اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جنازہ نکل گیا۔ سینٹرل جیل مظفرآباد میں قتل اور چوری جیسے سنگین مقدمات میں قید دو انتہائی خطرناک قیدی عدالت میں پیشی کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو جل دے کر بخشی خانے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔اس ہائی پروفائل واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس انتظامیہ اور جیل حکام میں شدید کھلبلی مچ گئی ہے اور اعلیٰ حکام نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق، فرار ہونے والے قیدیوں کی شناخت شہریار بھٹی اور خورشید کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں ملزمان سینٹرل جیل مظفرآباد میں سنگین جرائم، بشمول قتل اور چوری کے مقدمات کے تحت عدالتی ریمانڈ اور قید کاٹ رہے تھے۔آج انہیں ضابطے کی کارروائی اور عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے سے قبل بخشی خانے میں رکھا گیا تھا، جہاں انہوں نے موقع پا کر انتہائی ہوشیاری سے سیکیورٹی کا مضبوط حصار توڑا اور وہاں سے بحفاظت بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔