9

مظفرآباد میں غیر جریدہ کنٹریکٹ و عارضی ملازمین کا دھرنا

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار خصوصی) آزادکشمیر کے غیر جریدہ کنٹریکٹ و عارضی ملازمین نے حکومت سے یکم جولائی 2025 تک مستقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آزادی چوک مظفرآباد میں احتجاجی دھرنا دیا۔ ملازمین نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے دیرینہ مطالبے کو یکم جولائی تک پورا نہ کیا گیا تو وہ ریاست گیر احتجاجی تحریک، لانگ مارچ اور اہل و عیال سمیت غیر معینہ مدت تک دھرنے کا آغاز کریں گے۔

دھرنا سنٹرل پریس کلب کے سامنے آزادی چوک میں مرکزی کور کمیٹی کی کال پر دیا گیا، جس میں خواتین ملازمین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ احتجاجی دھرنے سے سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید، صدر تنظیم غیر جریدہ ملازمین آزاد کشمیر سالک رشید عباسی، مرکزی صدر عارضی و کنٹریکٹ ملازمین راجہ غلام جیلانی، سپریم ہیڈ ایپکا سید کرامت سبزواری، وقاص خان مغل، انصر مغل، وسیم عباسی، پرویز قریشی، خواجہ مجیب، راجہ وسیم منظور، صاحبزادہ عدیل، اشفاق اعوان، ذکاءالرحمن و دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے خطاب میں کہا کہ اکتوبر 2024 میں 17 روزہ دھرنا حکومت کے ایگزیکٹو آرڈر اور 45 روز میں مستقل کرنے کے وعدے پر ختم کیا گیا تھا، لیکن نو ماہ گزرنے کے باوجود نہ تو ملازمین کو مستقل کیا گیا اور نہ ہی کوئی اجلاس منعقد ہوا۔

ملازمین کے مطابق ان کی اکثریت اوور ایج ہو چکی ہے اور دو سے اٹھائیس سال کی سروس دینے کے بعد نہ کسی نئی ملازمت کی امید باقی رہی ہے اور نہ ہی کسی اور شعبے میں جانے کی سکت۔ مقررین نے کہا کہ غیر جریدہ ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے کسی قانون سازی کی ضرورت نہیں بلکہ وزیراعظم کے ایک ایگزیکٹو آرڈر سے انہیں مستقل کیا جا سکتا ہے۔

احتجاجی قیادت نے حکومت کو یکم جولائی تک کی مہلت دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آزادی چوک میں غیر معینہ مدت تک دھرنا دیا جائے گا اور ریاست گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں