70

لچھراٹ کھاگراں کے عوام کا شدید احتجاج، ترقیاتی منصوبوں سے محرومی پر حکومت سے شکوہ

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار) حلقہ 2 لچھراٹ کھاگراں کے مکینوں نے ترقیاتی منصوبوں سے مسلسل محرومی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ مظفرآباد کے گرین ویلی ہوٹل میں منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس کے بعد علاقہ مکینوں نے حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 25 سال سے علاقہ کو ترقیاتی بجٹ میں شامل نہیں کیا گیا، جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

احتجاج میں صداقت مغل، فیصل مغل، عارف مغل، راشد مغل، خالد محمود، عبدالحمید، رفیق، رشید مغل، محمود، تنویر، مقبول و دیگر معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ لچھراٹ کے مڈل اسکول کا اب تک صرف ڈھانچہ تیار ہوا ہے، جبکہ دیگر قریبی علاقوں میں اسکولوں کو کالجوں کا درجہ دیا جا چکا ہے۔ علاقہ کی واحد سڑک جو 30 سے 35 سال قبل تعمیر ہوئی تھی، اب خستہ حالی کے باعث “موت کا کنواں” بن چکی ہے۔ طبی مرکز کا صرف اعلان کیا گیا، مگر عملی اقدام آج تک نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کا مسئلہ بھی شدید نوعیت اختیار کر چکا تھا، جس پر مقامی ایم ایل اے نے کوئی توجہ نہ دی۔ مجبوراً ہم وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے پاس گئے، جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ٹرانسفارمر اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا۔ اس پر ہم وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔

شرکاء اجلاس نے اعلان کیا کہ اگر آئندہ عام انتخابات سے قبل کوئی بھی سیاسی جماعت ہماری سڑک کی ری کنڈیشننگ، بی ایچ یو کے قیام اور اسکول کی اپ گریڈیشن کو یقینی بناتی ہے تو عوام علاقہ اس جماعت کو پولنگ اسٹیشن سے کامیاب کروائیں گے۔ بصورت دیگر انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں