58

یومِ استحصال: کشمیری اور فلسطینی قوموں کا خون آزادی کی نوید بنے گا، ڈاکٹر مشاق خان

ڈیلی دومیل نیوز، اسلام آباد – جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشاق خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کا خون آزادی کی صبح کا پیغام ہے۔ بھارت اور اسرائیل طاقت کے نشے میں انسانیت کا قتل عام کر رہے ہیں، مگر ان کے ظلم کا خاتمہ قریب ہے۔

یومِ استحصال کے موقع پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشاق خان نے کہا کہ اگر اسلامی ممالک کے حکمران سنجیدگی سے کردار ادا کریں تو کشمیر اور فلسطین دنوں میں آزاد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو امریکہ سے نہیں، اللہ سے ڈرنا چاہیے۔ آج دنیا بھر کے انسان کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور نیتن یاہو نے اپنے ممالک کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ہندوتوا اور صہیونیت کے مظالم عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں مگر اقوامِ عالم مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر مشاق خان نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے مودی سرکار کے اقدامات نے بھارت کے اندر بھی بے چینی پھیلا دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کشمیر کا حل نہ نکالا تو اس کے حصے بخرے ہو سکتے ہیں۔ کشمیر کی آزادی نوشتۂ دیوار ہے، جسے مودی سرکار پڑھنے سے قاصر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں