جوہری ہتھیاروں سے لیس جنوبی ایشیا کے دو ہمسایہ ممالک کو خوش کرنا اور انہیں ایک دوسرے سے غیرمحفوظ محسوس کروانا کس قدر آسان ہے، اس کا ثبوت ہم نے گزشتہ ہفتے دیکھا کہ جب کانگریس سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابل ایئرپورٹ پر ’ایبے گیٹ‘ بم حملے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے مبینہ ملزم کی گرفتاری میں مدد اور اس کی امریکا حوالگی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اگست 2021ء میں یہ خودکش حملہ اس وقت ہوا کہ جب طالبان کے کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے چند دن بعد امریکا افغانستان سے جلدبازی میں انخلا کی کوششوں میں مصروف تھا۔ اس حملے میں 170 بےبس افغان شہری جاں بحق ہوئے جو تنازعات سے متاثرہ اپنے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے لیکن یہ بم حملہ زیادہ افسوسناک اس لیے تھا کیونکہ اس میں 13 امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے تھے۔