ڈیلی دومیل نیوز.ہٹیاں بالا (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل کی زیر صدارت ضلع جہلم ویلی میں حفاظتی ٹیکہ جات (Routine Immunization) کی افادیت، سماجی اہمیت اور کمیونٹی شمولیت کے فروغ کے لیے ایک جامع آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
سیشن میں چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت عامہ، قبائلی عمائدین، مذہبی اسکالرز، اساتذہ، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی اور مؤثر کمیونٹی راہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر طاہر رحیم مغل، ای پی آئی ٹیم کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ میڈم قُرۃ العین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرویلنس عبدالجبار لون، اور ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ ویکسینیشن ابرار سرور عباسی نے پولیو، خسرہ، تشنج، ڈفتھیریا، ہیپاٹائٹس بی، اور نمونیا جیسے امراض سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت پر مفصل بریفنگ دی۔
سیشن کو کمیونٹی انگیجمنٹ پلیٹ فارم کی حیثیت دی گئی، جس میں عوامی نمائندگان کی آراء اور تحفظات کو سنا گیا، اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کے لیے کھلے دل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے زور دیا کہ بچوں کی بروقت اور مکمل ویکسینیشن نہ صرف ان کی صحت کی ضامن ہے بلکہ پورے معاشرے کے تحفظ کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر عالمی ادارہ صحت (WHO)، یونیسف (UNICEF)، گاوی (GAVI) اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے تکنیکی و مالی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ان اداروں کی معاونت سے ہیلتھ ورکرز کی تربیت، وسائل کی فراہمی، اور کمیونٹی سطح پر صحت آگاہی میں قابل قدر پیش رفت ممکن ہوئی۔
اجلاس میں 15 تا 27 ستمبر 2025 کو ہونے والی ایچ پی وی (HPV) سرویکل کینسر ویکسینیشن مہم پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی، جس کے تحت 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین دی جائے گی۔ مذہبی، قبائلی و تعلیمی راہنماؤں نے اس مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی سطح پر پیغام عام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
سیشن کے اختتام پر شرکاء کے سوالات لیے گئے اور ان کے تسلی بخش جوابات دیے گئے، جس سے آگاہی، شفافیت اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ حاصل ہوا۔