ڈیلی دومیل نیوز،الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی ہدایات کی روشنی میں سب ڈویژن سماہنی میں غیر حتمی ووٹر فہرستیں پبلک کر دی گئی ہیں، جس کے بعد نئے ووٹرز کے اندراج سے ووٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سید کلیم عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں فہرستوں تک عام شہریوں کی رسائی ممکن بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ مال کے فیلڈ سٹاف نے گزشتہ فہرستوں کو اپ گریڈ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کی بدولت نئے ووٹرز کا اندراج اور فوت شدگان کے ناموں کا خروج ممکن ہوا۔ نادرا کے ذریعے سب ڈویژن سماہنی کی تمام پٹوار فہرستوں کو غیر حتمی طور پر پبلش کر دیا گیا ہے، تاہم شہری اب بھی ان فہرستوں پر اپنے اعتراضات یا شکایات درج کروا سکتے ہیں جن کی حتمی تاریخ 5 مئی مقرر کی گئی ہے۔