ڈیلی دومیل نیوز.میرپور (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری انڈسٹریز، لیبر و ویلفیئر چوہدری عبدالرّحمٰن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ چیف انسپکٹر آتش گیر مادہ راجہ وسیم افضل اور انسپکٹر اوزان و پیمائش اعجاز احمد نے میرپور کوٹلی روڈ پر موجود تمام پٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔
دورانِ چیکنگ پٹرول اور ڈیزل کے پیمانہ جات کی عملی جانچ کی گئی، جس کے دوران متعدد پٹرول پمپس پر ناپ تول میں کمی پائی گئی۔ حکام نے موقع پر ہی ان پمپس کی نوزلز سیل کر دیں اور مالکان پر جرمانے عائد کیے۔
ناپ تول میں کمی “سنگین جرم” قرار، دوبارہ خلاف ورزی پر گرفتاری و مکمل سیل کی تنبیہ
انسپکٹرز نے پٹرول پمپ مالکان کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنے پیمانہ جات فوری طور پر درست کریں۔ بصورت دیگر سیل شدہ نوزل کو کھولنے کی صورت میں مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر راجہ وسیم افضل نے کہا:
“پٹرولیم مصنوعات میں مقدار کی کمی ایک سنگین جرم ہے، اور حکومت کی ہدایات کے مطابق اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
“بار بار خلاف ورزی کے مرتکب پٹرول پمپس کو مکمل طور پر سیل کیا جا سکتا ہے، مالکان کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمات درج کرنا بھی خارج از امکان نہیں۔”
روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری، ضلع بھر میں ہدایات جاری
محکمہ آتش گیر مادہ اور اوزان و پیمائش کی جانب سے ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری ہے۔ تمام پٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پیمانے درست رکھیں اور قانون کے مطابق شفاف فراہمی کو یقینی بنائیں۔